اسلام آباد (حنیف خالد) ایف بی آر کے چار سینئر عہدیداروں نے سرگودھا سمیت دیگر شہروں میں نئے عہدے سنبھالے ہیں۔ ایف بی آر کے ڈائریکٹر جنرل انفورسمنٹ ڈاکٹر بشیر اللہ خان نے سرگودھا کے نئے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ریجنل ٹیکس آفس کا چارج لے لیا ہے۔ سرگودھا میں پہلے مصطفیٰ حسن چیف کمشنر تھے۔ چیئرمین ایف بی آر طارق محمود پاشا نے وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے ریونیو‘ وزیر مملکت ہارون اختر خان کی مشاورت سے بنیادی پے سکیل نمبر 20کے انتہائی قابل اعتماد سینئر افسر ڈاکٹر بشیر اللہ خان کو سرگودھا آرٹی او میں چیف کمشنر کے طور پر بھیجا ہے تاکہ آرٹی او سرگودھا بجٹ ٹارگٹ نہ صرف پورا کریں بلکہ اس ٹارگٹ سے کم از کم 20فیصد زیادہ ٹیکس اور ریونیو جمع کریں۔ بنیادی پے سکیل نمبر 21کے عہدیدار ذوالقرنین ترمذی نے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو لارج ٹیکس پیرز یونٹ لاہور کا چارج دے کر ایف بی آر اسلام آباد میں ممبر کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ ڈاکٹر آفتاب امام ان لینڈ ریونیو سروس نے کمشنر آئی آر ان لینڈ ریونیو اپیلز فور کراچی کا چارج چھوڑ دیا ہے اور سکھر ریجنل ٹیکس آفس کے کمشنر کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ ڈاکٹر ثاقب احمد خان کو سیکرٹری ایف بی آر کے عہدے پر ملنے والا پرفارمنس الائونس 27اکتوبر سے بحال کر دیا گیاہے۔