• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چہلم امام حسین، روہڑی میں دہشت گردی کی کوشش ناکام، 3 ہلاک، کوئٹہ میں بھی 3 جنگجو مارے گئے

کراچی/سکھر/رانی پور/کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر/بیورو رپورٹ/نامہ نگار/نیوز ایجنسیاں )رینجرز نے روہڑی میں چہلم امام حسینؓ کے موقع پر دہشت گردی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 دہشت گرد مارے گئے،جبکہ کوئٹہ میں سرچ آپریشن کے دوران مقابلے میں تین جنگجو دہشتگرد مارے گئے۔ترجمان رینجرز کے مطابق روہڑی میں رینجرز کے ناکے پر تعینات اہلکاروں نے ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی جس پر اہلکاروں نے فائرنگ کردی۔ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی جس کے بعد رینجرز کی جوابی کارروائی میں تینوں ملزمان مارے گئے۔ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان امام بارگاہ باب کربلا جانا چاہتے تھے، دو ملزمان نے خودکش جیکٹس کے ذریعے دھماکا کرنے کی بھی کوشش کی تاہم رینجرز کی بروقت کارروائی سے ان کی یہ کوشش ناکام بنا دی گئی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ مقابلے میں ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جب کہ ان کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ سکھر بیورو رکے مطابق سکھر پولیس نے مرکزی امام بارگاہ غریب آباد کے قریب سے 2مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق مرکزی امام بارگاہ غریب آباد کے قریب تعینات پولیس اہلکار مشتبہ افراد پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے تھے، اس دوران 2افراد کی حرکات و سکنات مشکوک نظر آئی، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو گرفتار کرکے قریبی تھانے منتقل کردیا ہے اور ان سے تفتیش کی جارہی ہے۔ رانی پور سے نامہ نگار کے مطابق رانی پور رینجرز اور سی ٹی ڈی نے گمبٹ کے علاقے میں مشترکہ سر چ آپریشن کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ، ایمونیشن اور مسروقہ سامان بر آمد کر لیا جب کہ 2 ملزمان علی گوہر اور لیاقت علی کو بھی گرفتار کرلیا گیا ۔ یہ اسلحہ اور ایمونیشن مخالف سیاسی گروپوں کے کارکنان کی ٹارگٹ اور مختلف جرائم میں استعمال ہو تا تھا۔بر آمد کیے گئے اسلحے اور ایمونیشنمیں 4 عدد ایس ایم جیز بمعہ13 عدد میگزین، 2 عدد جی تھری بمعہ 3 عدد میگزین، 1 عدد 222 رائفل، 1 عدد پوائنٹ 44 بور رائفل، 1 عدد 12 بور رائفل، 1 عدد رپیٹر12 بور بمعہ 2 عدد میگزین، 1 عدد پمپ ایکشن12 بور، 1 عدد 30 بور پستول بمعہ 3 عدد میگزین، 550 مختلف اقسام کے راؤنڈز، 4 عدد موبائل فونزشامل ہیں گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں آپریشنز کیے جا رہے ہیں جبکہ ملزمان ، بر آمد کیے گئے اسلحے اور مسروقہ سامان کو قانونی کارروائی کے لیے کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ ادھر کوئٹہ پولیس نے زرغون آباد کے علاقہ میں سرچ آپریشن کے دروان سکیورٹی فورسز نے تین دہشت گرد ہلاک کر دئے۔ پولیس حکام کے مطابق کوئٹہ کی چمن ہاؤسنگ اسکیم میں ڈی آئی جی حامد شکیل پر خودکش حملے کے بعد پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے زرغون آباد کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران ایک کمپاؤنڈ سے پولیس اور ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی اور دستی بم بھی پھینکا گیا جس پر سکیورٹی فورسز کی مزید نفری طلب کر لی گئی۔ سکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان فائر نگ کے تبادلہ میں تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ سکیور ٹی فورسز نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضہ سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردو ں کی نعشیں شناخت کے لئے کوئٹہ کے سول اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
تازہ ترین