سکھر(بیورو رپورٹ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ساڑھے چار سال کا عرصہ گذر چکا بجلی کا بحران ختم کرنا تو دورکی بات وفاقی حکومت اس میں کمی بھی نہیں لا سکی آج بھی ملک میں سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی، غربت، بے روزگاری اور بھوک ہیں ۔وہ صالح پٹ کے گاؤں فیض محمد میں تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ خورشید احمد شاہ نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل پیپلزپارٹی کی اولین ترجیح ہے، افسران عوام کے حاکم نہیں بلکہ خادم بن کر مسائل کو حل کریں، اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت ، کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، سندھ حکومت صحت، تعلیم سمیت دیگر شعبوں کی بہتری کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے، عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام ہورہا ہے، جدید طرز کے اسپتال، کھیل کے میدان، سڑکوں کی تعمیر سمیت دیگر منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو براہ راست فائدہ ہوگا۔