کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)پشین میں شاہی لیویز چیک پوسٹ پر مشکوک موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک اہلکار اور راہگیر زخمی ہوگیا جوابی فائرنگ پر ایک حملہ آور مارا گیا دو زخمی حالت میں فرار ہو گئے، لیویز نے ایک دستی بم ، اسلحہ اور موٹرسائیکل قبضے میں لے لی ۔ شاہی لیویز چیک پوسٹ پر جوابی کارروائی، 2 زخمی حالت میں فرار، دستی بم ، اسلحہ اور موٹرسائیکل قبضے میں لے لی گئی،لیویز کے مطابق ہفتے کی شب ایک موٹرسائیکل پر سوار تین مشکو ک افراد کو لیویز چیک پوسٹ شاہی پر رکنے کا اشارہ کیا توموٹرسائیکل پر سوار افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار اور ایک راہگیر زخمی ہو گیا، جوابی فائرنگ پر ایک حملہ آور مارا گیا جبکہ دو زخمی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے، اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ کمشنر میران بلوچ نے لیویز کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاش کو ہسپتال پہنچایا جبکہ حملہ آور کی موٹرسائیکل ایک ٹی ٹی اور ایک دستی بم قبضے میں لے لیا گیا، ہسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد لاش شناخت کیلئے مردہ خانے میں رکھ دی گئی جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے والے حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔