• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران جمہوری عمل کو روکنے کیلئے منفی ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں، احسن اقبال

Imran Is Using Negative Tactics To Stop The Democratic Process Ahsan Iqbal

وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان جمہوری عمل کے تسلسل کو روکنے کے لئے منفی ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں جب کہ ان کی ذاتی زندگی کے ایسے ثبوت موجود ہیں جنہیں اگر سامنے لایا جائے تو وہ کسی کو منہ نہ دکھا سکیں۔

نارووال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نئی مردم شماری میں پنجاب کی 9 سیٹیں کم ہوگئی ہیں جبکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی سیٹیں مزید بڑھ گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے جمہوریت اور وفاق کی مضبوطی کے لئے نئی مردم شماری کے نتائج کو قبول کیا اور اگر 1998 کی مردم شماری کے تحت انتخابات ہوئے تو کے پی کی 5 اور بلوچستان کی 3 نشستیں کم ہوں گی۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ عمران خان اب چاہتے ہیں کہ کسی بھی طریقے سے قومی و صوبائی اسمبلیاں توڑ کر سینٹ الیکشن رکوا سکیں کیوں کہ ان کی پارٹی میں بغاوت ہوچکی ہے اور ان کے ممبران نے اسمبلی میں اعلان کردیا ہے کہ وہ سینٹ میں اپنی مرضی سے ووٹ ڈالیں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان قبل ازوقت الیکشن کی بات کرتے ہیں جو کے پی اور بلوچستان کے مفاد میں نہیں لیکن انہیں دونوں صوبوں کی فکر نہیں بلکہ اقتدار میں آنے کی جلدی ہے ، وہ اس کے لئے تمام سچے جھوٹے اقدامات کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو مشورہ ہے کہ وہ اونچا نہ اڑیں اور ضد و انا کی سیاست چھوڑ دیں۔

ان کاکہنا تھا کہ انتخابات سے قبل سیاسی اتحاد ہوتے رہتے ہیں لیکن مصنوعی سانسوں اور وینٹی لیٹر پر چلنے والا اتحاد زیادہ دیر کامیاب نہیں ہوسکتا بلکہ سیاست میں وہی اتحاد کامیاب ہوتا ہے جس کی پشت پر عوامی طاقت ہو ۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں امن و امان کی بہترین صورتحال اور معیشت کی ترقی کی بدولت مسلم لیگ ن کو عوامی تائید و اعتماد حاصل ہے اس لئے ہماری جماعت کے خلاف ہونے والی تمام سازشیں اور اتحاد ناکام ہوجائیں گے۔

 

تازہ ترین