کراچی (اسٹاف رپورٹر) گذشتہ سال سابق کپتان معین خان کے صاحبزادے اعظم خان پاکستان انڈر 19ٹیم میں منتخب ہوگئے تھے لیکن پاسپورٹ تنازع پر عمر کی غلطی کی وجہ سے وہ ٹیم کے ساتھ سری لنکا کا دورہ نہ کرسکے۔ دھواں دار بیٹنگ کرنے والے اعظم خان پاکستان سپر لیگ کی سپلیمنٹری کیٹگری میں شامل ہوئے ہیں۔ انہیں ملتان نے اپنی ٹیم میں شامل کرنے کا وعدے کیا تھا لیکن وسیم اکرم نے ٹیم میں شامل نہیں کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حیران کن قدم اٹھاتے ہوئے معین خان کے بیٹے اعظم خان کو منتخب کیا ہے۔ معین خان کوئٹہ کے ہیڈ کوچ ہیں۔ سپلیمنٹری کیٹیگری میں لاہور قلندرز نے تین جبکہ بقیہ ٹیموں نے چار چار کھلاڑیوں کا انتخاب کیا اور کسی بھی کھلاڑی کی انجری یا عدم دستیابی کی صورت میں یہ ان کھلاڑیوں کو اسکواڈ کا حصہ بنایا جائے گا۔ سپلیمنٹری کیٹیگری کے پہلے مرحلے میں لاہور قلندرز نے سری لنکا کے اینجلو میتھیوز، اسلام آباد یونائیٹڈ نے انگلش اوپنر ایلکس ہیلز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جیسن رائے، پشاور زلمی نے آندرے فلیچر، ملتان سلطان نے جنوبی افریقا کے ہرڈس ولجوئن کو منتخب کیا ہے۔