کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے ائیر پورٹ حملہ کیس کے ملزم سرمد صدیقی اور ندیم پٹیل کی درخواست پر حکومت اور سی ٹی ڈی کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 21 دسمبر تک جواب جمع کرانے کے لیے آخری مہلت دے دی۔ ائیرپورٹ حملہ کیس کے ملزم سرمد صدیقی اور ندیم پٹیل کو ہراساں کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت دو رکنی بینچ نے کی۔ سندھ حکومت اور سی ٹی ڈی کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔عدالت نے سندھ حکومت، سی ٹی ڈی اور دیگر کو 21 دسمبر تک جواب جمع کرانے کی آخری مہلت دے دی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ متعلقہ اداروں کو خطوط لکھ چکے ہیں، تاحال جواب موصول نہیں ہوا، دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ ائرپورٹ حملہ کیس میں ملٹری کورٹ کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بھی ضمانت پر رہا کردیا تھا۔ ضمانت پر رہائی کے بعد پولیس افسران نے اغوا کرلیا۔ اب جیل توڑنے کے مقدمے میں فٹ کرنے کے لیے کہا جارہا ہے۔ استدعا ہے کہ ہراساں کرنے والے سی ٹی ڈی اور پولیس افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔