• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم ایم اے بحالی پرپی ٹی آئی سے اتحاد ختم ہوجائیگا،سراج الحق

اسلام آباد،کراچی ( نیوز رپورٹر،این این آئی )امیر جماعت اسلامی سنیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ تحریک انصاف سے خیبرپختونخواہ میں 14 نکاتی ایجنڈے پر اتحاد کیا، اگر متحدہ مجلس عمل بحال ہوگئی تو پی ٹی آئی سے سیاسی اتحاد ختم ہوجائے گا، ایم کیو ایم اور پی ایس پی کا اتحاد ذاتی مفاد کی لڑائی ہے مگر جہاں لوگ اچھے مقصد کے لیے متحد ہوں انہیں خوش آمدید کرنا چاہیے،خصوصی بات چیت کرتے ہوئے سنیٹرسراج الحق نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کی بحالی کے حوالے سے تمام مذہبی جماعتوں نے کام شروع کردیا، دسمبر تک سیاسی اتحاد کے خدوخال واضح ہوجائیں گے جس کے بعد جمعیت علما اسلام( ف) وفاق اور جماعت اسلامی خیبرپختونخواہ کے حکومتی اتحاد سے علیحدہ ہوجائے گی۔انہوں نے کہاکہ ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار کو سیاست کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے، اسلام آباد کو چند لوگوں نے یرغمال بنا رکھا ہے ، منصورہ میں کسان بورڈ پاکستان کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ پانامہ لیکس کے دیگر 436 کرداروں کے احتساب کے لیے جماعت اسلامی کی دائر پٹیشن کی جلد سماعت کرے ۔ کرپشن فری پاکستان کے لیے سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کے ساتھ ساتھ پانامہ اور پیراڈائز لیکس کے کرداروں اور بنکوں سے اربوں کے قرضے معاف کرانے والوں کو پکڑا جائے اور سب کا کڑا احتساب کیا جائے ۔ عدلیہ کو اپنا وقار اور اعتبار برقرار رکھنے کے لیے بھی لٹیروں کے خلاف سخت اقدام اور بلاتفریق سب کا احتساب کرنا ہوگا ۔جمہوریت اور سیاست پر ظالم وڈیروں اور سرمایہ داروں کا قبضہ ہے ، مزدور بھوکے اور قومی دولت لوٹنے والوں کے گھوڑے اور کتے بھی دودھ پیتے ہیں ۔
تازہ ترین