احتساب عدالت نےاسحاق ڈار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ اسحاق ڈار کے ضامن کو شوکاز نوٹس بھی جاری کردیا گیا،احتساب عدالت نے کیس کی سماعت21 نومبرتک ملتوی کردی۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے نیب کے تفتیشی افسر کے نہ پہنچنے پرسماعت کچھ دیرکے لیے ملتوی کی تھی، وقفے کے بعد سماعت کا دوبارہ آغاز کیا گیا۔
سماعت کے دوران نیب کے وکیل کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار جان بوجھ کر خود کو عدالتی ٹرائل سے چھپارہے ہیں، وہ بدستور عدالتی مفرور ہیں ، وہ غیرقانونی طور پر بیرون ملک مقیم ہیں۔
نیب نے اسحاق ڈارکے وارنٹ گرفتاری سے متعلق عملدرآمد رپورٹ بھی احتساب عدالت میں جمع کرائی۔ احتساب عدالت نےاسحاق ڈار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
گزشتہ سماعت میں وزیر خزانہ کے استثنا اور نیب کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے عدالت نے حکم دیا تھا کہ اسحاق ڈار کم از کم ایک مرتبہ خود عدالت کے سامنے پیش ہوں۔
فاضل عدالت نے متنبہ کیا تھا کہ ضامن نے ملزم کو آئندہ سماعت پر پیش نہ کیا تو اس کی طرف سے داخل کرائے گئے 50 لاکھ روپے مالیت کے ضمانتی مچلکے ضبط ہوجائیں گے۔
عدالت نے اسحاق ڈار کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے 20 لاکھ روپے کے مزید ضمانتی مچلکے داخل کرنے کا حکم دیا تھا۔