اسلام آباد( عاطف شیرازی) ریلوے کی مالی سال 2016-17ء کے آڈٹ کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ پنجاب حکومت نے پاکستان ریلوے کی ساڑھے بارہ ایکڑ قیمتی اراضی غیر قانونی طور پر ڈی ایچ اے بہاولپور کو فروخت کردی ریلوے اورپنجاب حکومت کی غلطی سے قومی خزانے کو 7کروڑ روپے سے زائدکا نقصان ہواہے ۔ ریلوے حکام نے موقف اختیار کیا ہے کہ ریلوے کی اس اراضی کا پنجاب حکومت کی فرد ملکیت میں غلطی سے اندراج ہوا،ڈیپارٹمنٹل اکائونٹ کمیٹی ( ڈی اے سی) نے معاملہ پارلیمان کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کوبھیجنے کی سفارش کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق ریلوے کے مالی سال 2016-17 کے آڈٹ کے دوران پنجاب حکومت کا ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی پر نوازشات کا انکشاف ہوا ہے ، جنگ کو دستیاب دستاویزات کے مطابق ریلوے انجنئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے ضابطہ کے تحت ریلوے انتظامیہ پاکستان ریلوے کی اراضی کا تحفظ کرے گی اور اس کو ہر قسم کے قبضہ سے محفوظ بنائے گی مگر فروری 2016 کے آڈٹ کے دوران بے ضابطگی سامنے آئی ہے کہ ریلوے کی ساڑھے بارہ ایکڑ قیمتی اراضی جس کی مالیت 7 کروڑ 92 لاکھ روپے سے زائد کی تھی کو پنجاب حکومت نے ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی کو فروخت کردیا یہ اراضی موضع ہوٹ والا فورٹ عباس سیکشن کے پاس تھی جس پر ڈی ایچ اے بہاولپور نے تعمیر شروع کردی۔