اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی داخلہ ، وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں ۔ حکومت داسو ڈیم اور دیگر پن بجلی منصوبوں کی تعمیر کے لیے تیز رفتاری سے کام کررہی ہے،سی پیک نے توانائی سکیورٹی میں اہم کردار ادا کرنا شروع کردیا ،منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل ہوئے۔ ڈیمز پاکستان کے مستقبل ، توانائی کی فراہمی اور خوراک کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیرنے چین کے گیزہوباگروپ انٹرنیشنل انجنیئرنگ کے صدر مسٹر ژیانگ سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ چینی وفد نے منگل کووفاقی وزیر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سی پیک کے جاری منصوبوں کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ احسن اقبال نے پاکستان کی سماجی و معاشی مدد پر چینی حکومت اور نجی شعبے کی تعریف کی اور وفد کی پاکستان میں توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں مزیدسرمایہ کاری مواقع تلاش کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔