امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ دشمن نے بلوچستان کو اپنی تخریبی سرگرمیوں کا مرکز بنالیا ہے جبکہ حکومت نے کلبھوشن کو مہمان بناکر رکھا ہوا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ کئی پاکستانیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے کے لیے انسانی ہمدردی کیا معنی رکھتی ہے ؟
سراج الحق کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کا بنایا ہوا نیٹ ورک ہی بلوچستان میں کارروائیاں کر رہاہے، پولیس افسروں اور15معصوم پنجابیوں کے بہیمانہ قتل کے پیچھے عناصر سی پیک کو روکنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کرپشن زدہ سیاستدان قیادت کے اہل نہیں، اب وقت آگیاہے کہ سیاست اور کرپشن کو ہمیشہ کے لیے جدا کر دیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ کلین پاکستان کے لیے سب کی سکروٹنی ضروری ہےاور2018کے انتخابات میں کرپشن کے خلاف تحریک کو اس کے نقطہ عروج پر پہنچائیں گے ۔