سکھر (بیورو رپورٹ) ضلعی اور محکمہ آبپاشی انتظامیہ کی جانب سے سکھر بیراج سے نکلنے والی نہروں رائس کینال، دادو کینال اور کیر تھر کینال کے پشتوں پر قائم تجاوزات ختم کرنے کے لئے ایک بار پھر آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔ ضلعی اور محکمہ آبپاشی کی جانب سے سکھر بیراج سے نکلنے والی نہروں کے کنارے قائم تجاوزات کو ختم کرنے کے لئے گزشتہ 3ماہ سے وقتاً فوقتاً آپریشن کیا جارہا ہے، جمعرات کو بھی ضلعی اور محکمہ آبپاشی کے افسران و اہلکاروں نے دادو کینال کے پشتوں پر سے تجاوزات ختم کرنے کے لئے آپریشن کیا، ائرپورٹ روڈ کی طرف سے شروع کیے گئے آپریشن کے دوران عملے نے ہیوی مشینری سے 30سے زائد دکانیں اور گھر مسمار کردیے گئے۔ انتظامیہ کی جانب سے اس سے قبل آپریشن کیے جانے کے دوران متاثرین نے بھرپور مزاحمت کی تھی اور انڈس ہائی وے پر دھرنا دیکر کراچی و کوئٹہ آنے و جانیوالی ٹریفک کی آمد و رفت معطل کردی تھی، جس پر پولیس نے مداخلت کرکے شاہراہ کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے بحال کروایا تھا، یہی وجہ ہے کہ اس مرتبہ آپریشن شروع کرنے کے دوران آبپاشی و ضلعی انتظامیہ کے افسران و اہلکاروں کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری موجود تھی تاکہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے فوری طور پر نمٹا جاسکے۔