ایف آئی اے نے کوئٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے سانحہ تربت میں20 افراد کی ہلاکتوں کے مرکزی ملزم انسانی اسمگلر صادق کو گرفتار کرلیا ہے ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے خالد انیس کے مطابق صادق انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک میں طالب کے نام سے جانا جاتا ہے ،وہ خود کو ایرانی ظاہر کرتا ہے ۔
ایف آئی اے حکام کےمطابق انسانی اسمگلر صادق لوگوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھیجتا تھا، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ ، منڈی بہاوالدین سمیت دیگر علاقوں سے جانے والے تمام لوگ اس ہی کے پاس ٹھہرتے تھے۔
ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے مطابق صادق کوئٹہ سے لوگوں کو غیر قانونی طریقے سے ایران لے کر جاتا تھا ،تربت میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کوئٹہ میں صادق کے پاس تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات کا بھی امکان ہے کہ صادق کا تعلق بلوچستان لبریشن آرمی سے ہے ۔
ایف آئی اے کے مطابق پھالیہ سے گرفتار کیے گئے ملزم وحید پٹھان سے دوران تفتیش صادق کا موبائل نمبر ملا تھا، جس سے صادق کی شناخت ہوئی تھی۔