• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اینڈی مرے کو اب کوچ کی ضرورت نہیں، ٹم ہنمین

لندن (نیوز ڈیسک)سابق برطانوی ٹینس سٹار ٹم ہنمین کا کہنا ہے کہ اینڈی مرے کو اب کسی کوچ کی ضرورت نہیں ہے، واضح رہے کہ سکاٹش پلیئر نے گزشتہ دنوں ایوان لینڈل کو اس منصب سے الگ کرتے ہوئے اپنی راہیں جدا کرلی تھیں، تین بار کے گرینڈ سلم اینڈی دو مختلف مواقع پر لینڈل کی خدمات بطور کوچ حاصل کرچکے ہیں، ان کی سنگت میں اینڈی نے تین گرینڈسلم ٹائٹلز کے علاوہ دو اولمپک گولڈ میڈلز بھی اپنے نام کئے ہیں، اینڈی مرے کے دیرینہ دوست اور انگلینڈ کے سابق نمبرون ٹینس پلیئر ہنمین نے مزید کہا کہ ویسے تو میری دانست میں اینڈی مرے کو اب کسی کوچ کی ضرورت نہیں ہے لیکن پھر بھی اگر وہ اس جگہ کسی کو لانا چاہتے ہیں تو میرے خیال میں جیمی ڈیلگیڈو اس کیلئے موزوں ثابت ہوسکتے ہیں، وہ طویل عرصے سے سکاٹش کوچنگ ٹیم کے ممبر رہے ہیں، جہاں تک میں سمجھتا ہوں کہ کھیل سے متعلق اینڈی کی معلومات اور تجربہ اتنا وسیع ہوگیا ہے کہ اب انہیں اپنے کوچنگ سٹاف میں مزید کسی شخص کو رکھنے کی ضرورت نہیں ہے، جیمی اعلیٰ سطح پر کھیلتے بھی رہے اور انہوں نے جائلز مولر کے ہمراہ کوچ کی ذمے داری بھی نبھائی ہے۔ ہنمین نےمزید کہا کہ میں نے ومبلڈن میں اینڈی کو سخت محنت کرے ہوئے دیکھا وہ کھیل میں واپسی کا جذبہ رکھتا ہے، ابھی سیزن شروع ہونے سے قبل اس کے پاس 6یا7ہفتے موجود ہیں، میں پراعتماد ہوں کہ وہ نئے سیزن میں نئی شروعات کیلئے تیار ہوجائیں گے۔
تازہ ترین