امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے 2018ء کے عام انتخابات میں 50 فیصد پارٹی ٹکٹ نوجوانوں کو دینے کا اعلان کردیا۔
کوئٹہ میں جماعت اسلامی یوتھ ونگ کی حلف برداری تقریب سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ ہم ایسا معاشرہ چاہتے ہیں جہاں نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور امن میسر ہو ۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے نوجوان جان کی بازی لگا کر ملک سے باہر جارہا ہے۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ اس ملک کو جاگیر داروں، اسٹیبلشمنٹ اور نااہل لوگوں نے لوٹا، تاہم اسے نوجوانوں نے بچانا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاناما کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف تو نااہل ہوگئے ہیں، باقی 436 لوگوں کو بھی احتساب ہوناہے ۔
ان کا کہناتھاکہ آج انڈیا بلوچستان میں امن خراب کر رہا ہے اور کلبھوشن سرکاری مہمان بنا ہوا ہے۔