کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن نے طویل القامت گول کیپر تلاش کر لیا ہے ، جس نے ہاکی میں صرف دیکھنے کی حد تک دل چسپی رکھنے کے باوجود اچانک اس کھیل میں انٹری دیتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا ہے، غریب فیملی سے تعلق رکھنے والا ساڑھے چھ فٹ دراز قد عامر اس وقت 15 برس کا ہے، وہ فٹ پاتھ پر سوتا ہے، فیڈرل بی ایریا اور گلشن اقبال کے علاقے میں گھروں کی گاڑیاں دھو کر اپنی اور فیملی کی زندگی کی گاڑی چلا رہا ہے، اسے کے ایچ اے کے صدر ڈاکٹر جنید علی شاہ کھیل کی جانب لے کر آئے، ان کی اس خواہش کو حقیقت کا روپ دینے میں سکریٹری سید حیدر حسین نےبھی اہم کردار ادا کیا اور ٹرینر عمران سے تر بیت دلائی بعد میں اسے سابق ہاکی اولمپئن احمد عالم کے گول کیپنگ کیمپ میں لے جاکر مزید پالش کرایا جس سے اس کے کھیل میں نکھار پیدا ہوگیا، اس گول کیپر نے انٹر ڈسٹرکٹ ڈی جی رینجرز ٹور نامنٹ میں سب کی توجہ حاصل کر لی۔ ڈی جی رینجرز میجر محمد سعید نے بھی اس کھلاڑی کے کھیل کو دیکھ کر اس کی بھر پور حوصلہ افزائی کا فیصلہ کیا ہے۔ عامر نے ڈی جی رینجرز ہاکی کپ سمیت متعدد ڈسٹرکٹ ایونٹس میں گول کیپنگ کی ہے۔