راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)بے نظیر بھٹو قتل کیس میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے بری ہونے کے باوجود نظر بند پانچ ملزمان کو مزید 60روز کیلئے نظر بند کرنے کی سفارش کردی گئی ہے۔رفاقت حسین،حسنین گل،اعتزاز شاہ،رشید احمد اور شیر زمان کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے فیصلے کے بعد ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے نظر بندی کے احکامات جاری کئے تھے۔جس کے بعد 29ستمبر 2017کو ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے ان پانچوں کی 60روز کیلئے نظربندی کے احکامات جاری کئے تھے۔جس کی معیاد 28 نومبر 2017 کو پوری ہورہی ہے۔اس سے پہلے ہی ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب کو جیل حکام نے مراسلہ بھجوایا ہےجس میں درخواست کی گئی ہے کو پانچوں ملزمان کی نظر بندی ختم ہونے سے قبل اگر مزید نظربندی درکار ہے تو مزید60روز کیلئے نظربندی کے احکامات جاری کئے جائیں جس کی کاپی ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور کمشنر راولپنڈی کو بھی بھجوائی گئی ہے۔