• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماضی کے حکمران اور سیاستدان معاشرتی تباہی کے ذمہ دار ہیں، پرویز خٹک

پشاور( نیوز ڈیسک )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے چارسدہ کی سیاسی شخصیت اور قومی وطن پارٹی کے دیرینہ کارکن حاجی فرمان کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاستدان اور حکمران گورننس کے نظام اور معاشرے کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔وہ چاہیں بھی تو نظام کی تباہی کے الزام سے اپنا دامن چھڑا نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی موجودہ اتحادی حکومت نے حکمرانی سے متعلق تمام مسائل پر کام کیا ،میرٹ پر فیصلہ سازی کو فروغ دیا، حقدار کو حق اور انصاف کی فراہمی اور صوبہ بھر میں بغیر کسی رکاوٹ کے عوام کی سماجی خدمات تک رسائی یقینی بنائی۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے چارسدہ سے حاجی فرمان کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حاجی فرمان نے قومی وطن پارٹی سے 40 سالہ وابستگی کو خیرباد کہتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ فضل محمد خان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف نے عمران خان کے ویژن اور سوچ کے مطابق خیبرپختونخوا میں نظام کی تبدیلی اور عام آدمی کی فلاح کیلئے ساڑھے چار سال عملی اقدامات کئے ہیں جن کی بدولت تحریک انصاف کی عوامی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔علاقائی امتیازات اورسیاسی وابستگیوں سے بالا تر انسانیت کی یکساں خدمت تحریک انصاف کا منشور ہے اور ہم نے اپنے عمل سے ثابت بھی کیا ہے کہ ہم انسانیت کی فلاح کیلئے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی اتحادی حکومت سے پہلے صوبے میں ایک عجیب نظام قائم تھا ۔سماجی خدمات کے شعبوں صحت ، تعلیم ، پولیس ، پٹوار سمیت تمام محکمے تباہی کا شکار تھے ۔رشوت عروج پر تھی ۔تحریک انصاف نے اپنے منشور کے مطابق ان شعبوں کو نئے خطوط پر استوار کیا ۔اداروں میں سیاسی مداخلت اور ڈاکو راج کا خاتمہ کرکے اداروں کو با اختیار اور ڈیلیور کرنے کے قابل بنایا ۔رشوت کے خاتمے کیلئے قانون سازی کی ۔عوام کو ضروری خدمات کی فراہمی کیلئے خدمات تک رسائی کا قانون پاس کیا جس کے تحت ذمہ داران مقررہ وقت کے اندر خدمات کی فراہمی کے پابند ہیں اب عوام کو دردر کی ٹھوکریں نہیں کھانا پڑیں گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پوری دُنیا میں ادارے بااختیار ہیں ہر ادارہ اپنے مینڈیٹ کے مطابق خدمات کی فراہمی کا پابند ہے مگر ہمارے ہاں اداروں کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا اور عوام کی خدمت کاکلچر ہی نہیں تھا۔
تازہ ترین