لندن( مرتضیٰ علی شاہ) پرویز مشرف نے 5سال بعد پہلی مرتبہ ایسٹ لندن میں آل پاکستان مسلم لیگ کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سابق صدر جنرل (ریٹائرڈ) پرویز مشرف نے سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان میں ایک عبوری حکومت کے قیام میں مدد دے اور 2018 میں انتخابات رکوائے، کیونکہ موجودہ صورت حال میں انتخابات ہوئے تو پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی دوبارہ الیکشن جیت جائیں گی، پرویز مشرف نے امید ظاہرکی کہ سپریم کورٹ اپنی کارروائی جاری رکھے گی اور قومی اسمبلی اور سینیٹ سے حال ہی میں منظور کئے جانے والے الیکشن ایکٹ 2017 کو مسترد کردے گی۔پرویز مشرف نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ وہ ایک ایسی عبوری حکومت قائم کرنے میں مدد دے جو آئین میں ترمیم کے ذریعہ چند سال تک حکومت کرے .اور پورے ملک کی تنظیم نوکرسکے، بصورت دیگرپاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی دوبارہ الیکشن جیت جائیں گی،انھوںنے کہاکہ ایسا نہیں ہوناچاہئے لیکن ایسا ہونے سے کیسے روکا جاسکتاہے یہ ایک بڑا سوال ہے اور ایسا اسی وقت ہوسکتاہے جب موجودہ نظام کو کام سے روک دیاجائے، میرے خیال میں عبوری حکومت کو نیا نظام رائج کرنا چاہئے جس میں چیک اور بیلنس کانظام موجود ہو وہ ملک میں نئے صوبے قائم کرے اور یہ تمام کام سپریم کورٹ کے ذریعے انجام دیاجائے انھوں نے کہا کہ میرے خیال میں سپریم کورٹ ایسا ہی کرناچاہئے۔ پرویز مشرف نے دعویٰ کیاکہ پاکستان میں کوئی ترقی نہیں ہورہی ہے اور پاکستان میں کہیں بھی گورننس نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔انھوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس بہترین ٹیم تھی اور ان کاکوئی وزیر کرپشن میں ملوث نہیں تھااور انھوں نے تمام تقرریاں میرٹ پر کی تھیں، انھوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں نہیں جارہی ہے، اور ان کے اقتدار چھوڑنے کے بعد سے گزشتہ 10سال کے دوران پاکستان میں کوئی ترقی نہیں ہوئی ہے .،انھوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں کوئی سرمایہ کاری نہیں آرہی ہے، معیشت تباہ ہوچکی ہے اور مجھے خدشہ ہے کہ پاکستان دیوالیہ ہوجائے گا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام خوش نہیں ہیں کیونکہ ان کو ملازمتوں کے مواقع حاصل نہیں ہیں وہ قوت خرید کھوچکے ہیں، پرویز مشرف نے سپریم کورٹ کے حکم پر نواز شریف کے خلاف قائم کی گئی جے آئی ٹی اوراقامہ کی بنیاد پر نواز شریف کونااہل قرار دئے جانےکی تعریف کی اوراسے قانونی قرار دیا جبکہ نواز شریف نے اسے سیاسی ایشو بنا لیا ہے اور ان کی پوری پارٹی سپریم کورٹ پر حملہ آور ہے، آج پاکستان عدم استحکام کی صورت حال کاشکار ہے بھارت جیسے دیگر ممالک پاکستان کو افغانستان اور دیگر علاقوں میںنقصان پہنچانے کیلئے اس کافائدہ اٹھارہے ہیں ۔ آج ہمیں ایک المیے کاسامنا ہے میں نے 10سال تک ملک کاانتظام چلایا مجھے اس ملک میں موجود صلاحیتوں کا پوری طرح اندازہ تھا جس کے ذریعے پاکستان کو اس خطے میں قائدانہ کردار ادا کرنے والے ملک کی حیثیت سے پیش کیاجاسکتا تھا،انھوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی صلاحیتوں کااندازہ اس کے وسائل سے لگایاجاتاہے اورپاکستان میں ہر طرح کے وسائل موجود ہیں، اس کامحل وقوع مثالی ہے لیکن اس کا جغرافیائی محل وقوع اس کی کمزوری بھی ہے، پرویز مشرف نے دعویٰ کیا کہ ان کی پارٹی پورے پاکستان میںمقبولیت حاصل کررہی ہے اور ایم کیو ایم کے گڑھ لیاقت آباد میں ان کی پارٹی کے جلسے میں ایک ہزار سے زیادہ افراد شریک ہوئے تھے ،انھوں نے کہا کہ اردو بولنے والوں کو اب مہاجر کی اصطلاح استعمال نہیں کرنی چاہئے ۔ جلسے میں پورےبرطانیہ اور یورپ سےآل پاکستان مسلم لیگ کے رہنمائوں نے شرکت کی ،پرویز مشرف کے علاوہ سعید بھٹی، افضال صدیقی، محمد علی چوہان،نجمہ شاہین اوردیگر نے بھی جلسے سے خطاب کیا ۔