کوئٹہ (خبرایجنسی)کوئٹہ میں گزشتہ روزسریاب روڈ پر ہونے والے خودکش حملے کا مقدمہ درج کرلیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، مقدمےمیں قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل ہیں، ادھر شہدا کی نماز جنازہ ادا کرکے تدفین کردی گئی۔ پولیس کے مطابق سریاب روڈ پر ہونے والے خود کش حملے کا مقدمہ ایف سی اہلکار امیر اصغر کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمہ میں قتل،اقدام قتل اورانسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ گزشتہ روز سر یاب روڈپرخود کش حملے میں 6افرادجاں بحق اور25افراد زخمی ہوئے تھے، زخمیوں میں 5ایف سی اہلکاربھی شا مل تھے، خودکش حملے میں کمانڈنٹ ایف سی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ دوسری جانب دھماکے میں شہید ہونے والے 2کمسن بہن بھائی 12سالہ عالیان اور 9سالہ علیشاہ کی نماز جنازہ گنداخہ کے قریب آبائی گاؤں گوٹھ شاہن پلال میں ادا کی گئی۔