• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیوس کپ ٹینس میں فرانس 16برس بعد چیمپئن بن گیا

للّی، فرانس (نیوز ڈیسک) ڈیوس کپ ٹینس کے سہ روزہ فائنل میں بلجیم کو 3-2 سے مات دیکر فرانس 16 برس بعد چیمپئن بن گیا، فرانس ٹیم نے اس سے قبل 2001ء میں ٹرافی حاصل کی تھی۔ اختتامی دن ریورس سنگلز میں ڈیوڈ گوفن نے ہوم سٹار جوئے ولفریڈ سونگا کو شکست دیکر حساب 2-2 سے برابر کیا تاہم دوسرے میزبان کھلاڑی لوکاس پائولی نے سٹیوڈارسز کو ٹھکانے لگا کر فرانس کو ٹرافی کا حقدار بنوا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیوس کپ فائنل میں اتوار کو منعقدہ پہلے ریورس سنگلز میں فرنچ سٹار جوئے ولفریڈ سونگا کو ڈیوڈ گوفن نے 7-6(7/5)، 6-3 اور 6-2 سے مات دیکر حساب 2-2 سے برابر کیا۔اس نتیجے کے بعد ٹرافی کا فیصلہ لوکاس پائولی اور سٹوڈارسز کے مقابلے پر ہوا جس میں فرنس کھلاڑی پائولی نے 6-3اور 6-1 اور 6-1 سے کامیابی سمیٹ کر فرانس کو چمپئن بنوا دیا۔ ڈارسز نے چار سال قبل ومبڈن کے پہلے رائونڈ میں رافیل نڈال کو شکست دیکر خاصی شہرت حاصل کی تھی۔ واضح رہے کہ فرانس نے مجموعی طور پر دسویں بار ٹرافی قبضے میں کی تاہم فرنچ ٹیم نے آخر بار یہ اعزاز 2001ء میں حاصل کیا تھا۔ بلجیم کی ڈیوس کپ فائنل میں تیسری شرکت تھی لیکن تنیوں بار انہیں ناکامی کا سامنا رہا اس سے قبل انہیں 1904ء اور 2015ء میں بھی ٹرافی کے قریب آکر محرومی کا سامنا رہا تھا۔ سونگا کیخلاف فتح پر گوفن نے کہا کہ رواں ہفتہ میرے لئے ناقابل یقین رہا۔ میں نے اس مقابلے میں سونگا پر قابو پانے کے لئے اپنی بہترین صلاحیتوں کو پیش کیا جس کا صلہ مجھے فتح کی صورت مل گیا۔ اس سے قبل ابتدائی سنگلز میں ڈیوڈ گوفن نے لوکاس پائولی کو 7-5، 6-3اور 6-1 سے ما دی جبکہ جوئے ولفوریڈ سونگا نے سٹوڈارسز کو 6-3، 6-2 اور 6-1 سے مات دیکر حساب چکتا کر لیا تھا جبکہ ہفتے کو واحد ڈبلز میں فرنچ جوڑی رچرڈ گیسکوئٹ اور پیری ہیوز ہربرٹ نے فتح سمیٹ لی۔ انہوں نے بلجیم کی جوڑی روبن بیملمینز اور جورس ڈی لورے کیخلاف 6-1، 3-6، 7-6(7/2) اور 6-4 سے غلبہ پالیا تھا۔
تازہ ترین