اسلام آباد (نمائندہ جنگ) احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق وزیر خزانہ سینٹر اسحاق ڈار کے ضامن علی احمد قدوسی کو ملزم کی پیشی کے لئے طویل مہلت دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 4دسمبر کی ڈیڈ لائن دے دی ہے ۔احتساب عدالت کے حکم پر اسحاق ڈار کی بذریعہ اشتہار طلبی کا نوٹس جوڈیشل کمپلیکس کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کردیا گیا۔فاضل جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے ضامن کے تحریری جواب پر فیصلہ سناتے ہوئے خبر دار کیا ہے کہ اثاثہ جات ریفرنس میں ملز م کے آئندہ سماعت پر پیش نہ ہونے کی صورت میں ضامن کی طرف سے دیئے گئے 50 لاکھ روپے کے مچلکے ضبط کر لئے جائیں گے ۔ احتساب عدالت کے حکم پر اسحاق ڈار کی بذریعہ اشتہار طلبی کا نوٹس جوڈیشل کمپلیکس کے نوٹس بورڈ پر آویزاں کردیا گیا،بدھ کو اسحاق ڈار کے ضامن احمد علی قدوسی احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ اسحا ق ڈار ملک میں موجود نہیں لہذا انہیں مزید مہلت دی جائے ، برطانیہ میں اسحاق ڈار کی انجیو گرافی ہو چکی، اور اب رپورٹس کا انتظار ہے تاہم ان کی عیادت کے لئے سائل خود جا رہا ہے ۔