اوکاڑہ (نمائندہ جنگ)مقامی عدالت نےتہرے قتل کے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے 6مجرموں کو تین تین دفعہ سزائے موت جبکہ 2خواتین کوتین تین دفعہ عمرقید کی سزا کا حکم سنا دیا۔سزا پانے والوں نے جائیداد کے تنازعہ اور مقدمہ بازی کی رنجش پر 3بہن بھائیوں کو کلہاڑیوں سے قتل کر دیا تھا۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج رینالہ خورد عمران جاوید گل نے تھانہ صدر رینالہ کے تہرے قتل کے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے بابر،بنیامین،افراہیم،مشتاق،ادریس اور امتیاز کوتین تین دفعہ سزائے موت اور50/50ہزار روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا۔عدالت نے دو خواتین حاجراں اور سائرہ کو تین تین دفعہ عمر قید اور ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا ۔عدالت نے مقدمہ کے ملزمان شیرخان،مزمل،خالد،محمود،وحید،ذوالفقار،عامر اور شاہد کو عدم ثبوت پر بری کر دیا۔استغاثہ کے مطابق سزاپانے والوں نے چار سال قبل مقدمہ بازی اور جائیداد کے تنازعہ پر کلہاڑیوں کے وار کر کے دو بھائیوں میاں خان ،بھائی خان اور انکی بہن زینب کو قتل کردیا تھا۔