نارووال(این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیاست کے نام پر مذہب کو استعمال کرنے کی کوشش کی گئی لیکن پاکستان میں انتشار پھیلانے والوں کو منہ کی کھانا پڑی، پاکستان دنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہے جسکی معیشت مضبوط ہے، مذہب کے نام پر سیاست کر نے والے خدا کیلئے ملک کو چلنے دیں، ہمیں مل کر ملک سے دہشت گردی اور ملک دشمن عناصر کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ سیرت النبیﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے دیکھا کہ مسلمان ہی اپنے مسلمان بھائی کے گھر جلا رہے ہیں، سیاست کے نام پر مذہب کو استعمال کرنے کی کوشش کی گئی لیکن شکر ہے تمام معاملات خوش اسلوبی کے ساتھ طے پاگئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نفرت کا کھیل کھیلا جا رہا تھا، اپنے ہی بھائی کے گلے کاٹنے کی باتیں ہورہی تھیں لیکن باہمی رضا مندی اور مشاورت سے ایسا نہیں ہونے دیا گیا۔احسن اقبال نے کہاکہ پاکستان دنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہے جس کی معیشت مضبوط ہے، دنیا اس کی معیشت اور ترقی کو نہیں دیکھ پا رہی، دوسرا ہمارے اپنے لوگ پاکستان کی ترقی میں ہمیشہ روڑے اٹکا رتے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم فتوے لگانے میں بڑے تیز ہیں لیکن کبھی کسی نے یہ نہیں کہا کہ نبی کریمﷺ نے یہ کہا ہے کہ دودھ میں پانی ملانے والا کتنا گناہ گار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کے نام پر سیاست کرنے والوں کو کہتا ہوں کہ خدا کے لیے ملک کو چلنے دیں، پاکستان اب ترقی یافتہ ممالک کی صف میں داخل ہو رہا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ربیع الاول کا مقدس مہینہ ہمیں بھائی چارے اور مساوات کا درس دیتا ہے، ہمیں مل کر ملک سے دہشت گردی اور ملک دشمن عناصر کا خاتمہ کرنا ہوگا۔