• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہالا، کوئٹہ سے آنے والی یخ بستہ ہوائوں سے شہر و دیہات سنسان، سردی سے ٹھٹھر کر 2 افراد ہلاک

ہالا+شکار پور+پڈعیدن(نامہ نگاران)کوئٹہ سے آنے والی یخ بستہ ہوائوں سے شہر و دیہات سنسان ہو گئے جبکہ سردی سے ٹھٹھر کر 2؍افراد ہلاک ہو گئے۔شکار پور اور پڈعیدن میں سر د موسم کے دوران سوئی گیس لوڈشیڈنگ سے شہری دہری اذیت میں مبتلا ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق ہالا۔کوئٹہ سےآنےوالی یخ بستہ ہواؤں نےسڑکیں، بازار،ہوٹلیں، پارک اوردیگرتفریحی مقامات سنسان کردیئےشہرودیہات میں جگہ جگہ آگ کےالاؤروشن ہونے لگے نزلہ زکام بخاراوردیگرامراض بڑھ گئے۔درگاہ عنایت شاہ میں زائرخاتون مسماۃ امیرزادی اورسامان کی حفاظت پرمامورٹرک کلینر36 سالہ ابراہیم ٹھٹھرکرہلاک ہوگئے۔ ہالا نیو سعید آباد، مٹیاری، بھٹ شاہ اڈیرولعٰل، صابو راہو ،سرہاڑی، بکھرجمالی، خیبر ،ہالااولڈسمیت وسطی سندھ میں سردی کےساتھ یخ بستہ ہواؤں کےباعث سڑکوں پرٹریفک کی روانی محدودہوگئی۔ سورج غروب ہوتےہی ہرطرف ویرانی چھانے لگی۔ سردی سےبچنےکیلئےلوگ گھروں میں محصورہوگئے جبکہ مہنگائی کےباعث لنڈابازاروں میں غریبوں کےساتھ مڈل کلاس طبقہ بھی خریداروں میں شامل ہوگیا۔اضافی استعمال کےنتیجےمیں انڈے،مچھلی، مرغی کاگوشت یخنی اور خشک میوہ جات کی قیمتیں بڑھ گئیں۔شکارپور۔ شکارپور میں سردی کی تازہ لہر آنے سے شہر میں یخ بستہ ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس سے شہر میں گرم ملبوسات سمیت کھانے پینے کی گرم اشیاء کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جبکہ شہر میں بدستور سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور پورا دن پریشر میں کمی کے باعث لوگ شدید سردی میں گرمی کے احساس سے محروم ہیں۔اس سلسلے میں شہریوں نے شکایات کرتے ہوئے کہا کہ سوئی گیس انتظامیہ کی نااہلی کے باعث پورا دن گیس پریشر میں کمی اور خصوصاً صبح کے اوقات میں گیس کی طویل لوڈ شیڈنگ نے ہمیں دور جدید میں بھی چولہا جلانے کے لئے لکڑیوں کا محتاج بنا رکھا ہے۔جس کی وجہ سے اکثر اوقات بچوں کا اسکولوں میں جبکہ ملازمت پیشہ افراد کااپنے کام پر دیر سے جانا معمول کا حصہ بن چکا ہے۔ شہر کے بیشتر علاقے میں گیس کی طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث خاتون خانہ داری سمیت ہوٹلوں، مدارس اور اسپتالوں میں کھانا پکانے میں تعطل کی شکایات عام ہیں۔ گھروں میں آگ جلانے کے لئے لکڑیوں کے استعمال سےامراضِ چشم، جِلدی امراض اور سانس کی تکالیف جیسی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔اس مسئلے کے حل کے لئےمتعدد بار شکایات درج کرائی جاچکی ہیں لیکن سوئی گیس انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ہمارا حکومت پاکستان اور سوئی گیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ ہے کہ شکارپورمیں سوئی گیس انتظامیہ کو ہدایات جاری کرکے ہمیں اس دہری اذیت سے چھٹکارہ دلایاجائے۔پڈعیدن۔شہر اور گردو نواح شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں خشک اور شدید سردی کے باعث لوگ گھروں تک محدود ہوگئے ہیں۔ پڈعیدن میں درجہ حرارت 9 ڈگری سنٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔ سردی میں اضافہ ہوتے ہی گیس کی لوڈ شیڈنگ شروع کردی گئی ہے۔ شدید سردی میں لوگ گھروں تک محدود ہوگئے ہیں تاکہ سردی کی شدت سے بچا جاسکے مگر غیر اعلانیہ گیس لوڈ شیڈنگ نے گھریلو صارفین کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ شدید سردی میں بچے اسکول، ڈیوٹی پر جانے والے ملازمین اور دیگر افراد بغیر ناشتے کئے گھرو ں سے جانے پر مجبور ہیں ۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گیس لوڈ شیڈنگ سے چھٹکارہ دلایا جائے ۔
تازہ ترین