کراچی کے علاقے جمہوریہ کالونی کا رہائشی 16 سالہ بچہ محمد فیصل بطور بائیک میکینک اپنے والدکی دکان پر کام کرتا ہے۔ اس کی منفرد وجہ اس کا 2 فٹ قد ہے۔

اس کی خواہش ہے کہ وہ بھی بائیک چلائے مگر اس کا ننھا قد اس کے شوق کے آڑے آجاتا ہے۔محمد فیصل کے مطا بق جب وہ بائیک پر بیٹھتا بھی ہے تو اُس کےہاتھ ، پائوں ہینڈل اور بریک تک نہیں پہنچتےمگر اس نےچھوٹے قد کے باوجود ہمت اور حوصلہ نہیں ہارا۔

لہٰذا اب اس کی خواہش ہے کہ وہ اپنے قد کے لحاظ سے بائیک بنائے جس کے لیے وہ بھرپور طریقے سے اپنی صلاحیت کو بروئے کار لانے کی جدوجہد میں ہے کہ بائیک کس طرح تیار ہوتی ہے تاکہ وہ ایک دن اپنی ’ڈریم گرل‘ کو بائیک پر بیٹھا کر باآسانی گھوم سکے۔

صرف اس کا قد ہی نہیں بلکہ اس کی مزاحیہ فطرت کی وجہ سےبھی گاہکوں کا اس کی دکان پر رش رہتا ہے اور اسے بائیک کی مرمت کرتے دیکھ کر ششدر رہ جاتے ہیں جس کی بناءپر اس کے والد محمد صغیر کی آمدنی میں بھی کا فی اضافہ ہوا ہے۔

اس کے والد محمد صغیر کا کہنا ہے کہ میں نے اس بچے کو گود لیا تھا کیونکہ اس کے سگے والد کی دوسری شادی کی بناء پر یہ گھر پر بُری طرح سے نظر انداز ہورہا تھا۔

بہر حال آج اس کا والد اسے گود لے کر بہت خوش ہے کہ محمد فیصل بہت باصلاحیت بچہ ہے اور ایک دن ضرور کامیاب ہوگا۔