• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آف شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں تعاون پر ترک صدر کے مشکور ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف ترک وزیر توانائی الپ ارسلان بیراکتار کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کر رہے ہیں۔ (تصویر سوشل میڈیا)۔
وزیراعظم شہباز شریف ترک وزیر توانائی الپ ارسلان بیراکتار کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کر رہے ہیں۔ (تصویر سوشل میڈیا)۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے وزیر توانائی الپ ارسلان بیراکتار کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ترکیہ کے ساتھ تاریخی تعلقات دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد، اخوت اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ 

انھوں نے مزید کہا ترک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس کی پاکستان آمد اور آف شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں بھرپور تعاون پر ترک صدر کے مشکور ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ 

انھوں نے کہا کہ ترکیہ کے تجربے اور تکنیکی مہارت سے توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں، معدنیات اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں بھی دوطرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ سمندری حدود میں تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش ملکی توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی کے لیے اہم پیشرفت ہے۔ 

اس موقع پر ترک وزیر توانائی الپ ارسلان بیراکتار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ توانائی کے شعبے میں تعاون کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ ترکیہ اپنی تکنیکی مہارت اور سائنسی تجربے کو پاکستان کے ساتھ بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔ 

ترک وزیر توانائی نے کہا کہ ترک تحقیقی جہاز سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش میں تھری ڈی سیسمک سروے کرے گا۔ 

ترک وزیر توانائی الپ ارسلان بیراکتار نے کہا کہ سائنسی اعداد و شمار مستقبل میں تیل و گیس کی تلاش اور ڈرلنگ کے امکانات کا تعین کرنے میں مدد دیں گے۔

قومی خبریں سے مزید