• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مذاکرات کامیاب ، کسان بورڈ کا احتجاج ختم کرنے کا اعلان

 لاہور (اکنامک رپورٹر) کسان بورڈ نے کین کمشنر پنجاب سے مذاکرات کے بعد احتجاجی مظاہرےختم کرنے کا اعلان کردیا۔کسان بورڈ کے ترجمان کے مطابق انہیں یقین دہانی کرا ئی گئی ہے کہ گنے کی فی من قیمت 180روپے کو یقینی بنایا جائیگا اور اسسٹنٹ کمشنرز ملوں کی نگرانی کریں گے ۔ کسان بورڈ پنجاب اور پاکستان کسان اتحاد کے کاشکاروں نے گزشتہ روز شوگر ملوں کے خلاف پنجاب کے مختلف علاقوں میں سڑکیں بلاک کرکے گنے کے کاشتکاروں نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ جھنگ ،چنیوٹ ،تاندلیانوالا،سالم چوک بھلوال، منڈی بہاؤالدین سمیت پنجاب بھر کی شوگر ملوں کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔ پاکستان کسان اتحاد کے کاشتکاروں نےلاہور ملتان روڈ پر واقع پتوکی شوگرمل کا گھیرائو کرکے مطالبات تسلیم کئے جانے تک دھرنا دیا۔ جس سے لاہور سےجھنگ،ملتان اور وہاڑی کو جانے والی ٹریفک معطل ہو گئی ۔ کسان بورڈ کے مرکزی صدرچوہدری نثار احمدنے سالم چوک پر مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ کرشنگ سیزن میں تا خیر سے آئندہ سال گندم کی پیداوار ایک چوتھائی تک کم ہوگی جس سے ملک میں قحط سالی کا راج ہوگا۔حکومت نے گندم پیداوار میں خود کفالت کے خواب چکنا چور کر دیے ۔ گندم کی پیدوار اور رقبے میں بھی 30فی صد کمی ہوجائے گی ۔شوگر ملوں نے کاشتکاروں کے واجبات ہڑپ کر کے اربوں روپے لوٹ لیے ہیں اور آئندہ کھربوں لوٹنے کا پروگرام بنا لیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت اور حزب اختلاف کی تمام پارٹیوں کے سربراہ اوردیگر بڑے سیاستدان شوگر ملوں کے مالک ہیں،اس لیے انہوں نے ملوں کو لوٹ مار کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ حکومت اورشوگر مل مالکان کی کسان کش پالیسیوں کی وجہ سے کاشتکار کنگال ہو چکے ہیں ۔ جہانگیر ترین ،آصف زرداری ،نواز شریف اور شہباز شریف نے گنے کے کاشتکاروں کو لوٹنے کے لیے ایکا کر رکھا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتی نمائندوں نے کاشتکاروں کے مطالبات مانتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ گنا 180 روپے فی من خریدا جائے گا اور سابقہ واجبات بھی ادا کیے جائیں گے ۔حکومت نے نگران کمیٹیوں میں کسان بورڈ کے نمائندوں کو شامل کرنے کا بھی وعدہ کر لیا ہے اس لیے ہم احتجاج ختم کر رہے ہیں۔ قبل ازیں پاکستان کسان اتحاد نے لاہور ملتان روڈ پر واقع پتوکی شوگرمل کا گھیرائو کرکے دھرنا دیا جس کی وجہ سے لاہور سےجھنگ،ملتان اور وہاڑی جانے والی ٹریفک معطل ہو گئی ۔
تازہ ترین