• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈھائی ارب ڈالر بانڈز کی فروخت کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں ، میاں زاہد حسین

کوئٹہ(پ ر)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فورم کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے عالمی ڈیبٹ مارکیٹ میں ڈھائی ارب ڈالر کے بانڈز کی فروخت کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔پاکستان کے سیاسی حالات، امن و امان کی صورتحال اوردھرنوں کے باوجود غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ منفی رپورٹوں کو اہمیت دینے کو تیار نہیں اور پاکستان کے مستقبل کے بارے میں خاصے پر امید ہیں۔ عالمی ڈیبٹ مارکیٹ سے قرضہ لینا آئی ایم ایف کے مقابلہ میں کافی مہنگا پڑتا ہے مگر آئی ایم ایف کے قرضے کے ساتھ سخت شرائط بھی ہوتی ہیں جو ترقی کے سفر کو روک دیتی ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے مثبت ردعمل میں چین کی جانب سے سی پیک میں بھاری سرمایہ کاری اور عسکری قیادت کی جانب سے سیاسی فضاء کو معمول پر لانے اور دھرنوں کے خاتمے کی کوششوں نے بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔ ڈھائی ارب ڈالرز کے بانڈز کی کامیاب نیلامی سے پاکستان پر قرضوں کے بوجھ میں بھی اضافہ نہیں ہو گا کیونکہ اسے پرانے قرضوں کی ادائیگی کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بانڈزکی نیلامی سے حکومت کے معاشی مسائل کم نہیں ہو نگے اور اسے صورتحال بہتر بنانے کیلئے مہلت مل جائے گی۔
تازہ ترین