• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کے حکم پر کم عمر ڈرائیوروں کیخلاف کریک ڈائون شروع

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کے حکم اور چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی یوسف علی شاہد کی زیرنگرانی کم عمر ڈرائیوروں کیخلاف کریک ڈائون شروع کر دیا گیا۔ چنگ چی رکشہ کم عمر ڈرائیوروں کیخلاف بھی کارروائی شروع کر دی گئی۔ سٹی ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق کم عمر چنگ چی ڈرائیور اور مالک کیخلاف اعانت کے جرم میں دفعہ 109اور 107کے تحت ایف آئی آر کا اندراج کیا جائیگا جبکہ پرائیویٹ گاڑی یا موٹر سائیکل کے کم عمر ڈرائیور کی گاڑی یا موٹرسائیکل کو تھانے بند کر دیا جائیگا۔ گاڑی یا موٹر سائیکل اس وقت حوالے کی جائیگی جب کم عمر ڈرائیوروں کے والدین تھانے آ کر حلف نامہ جمع کروائیں گے۔ سی ٹی او یوسف علی شاہد نے بتایا کہ راولپنڈی میں کم عمر ڈرائیوروں کیخلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ والدین خود سمجھداری کا مظاہرہ کریں اور اپنے کم عمر بچوں کو گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے کیلئے نہ دیں۔ اس میں والدین اور اُنکے بچوں کا ہی فائدہ ہے۔ والدین اپنے پیارے بچوں کو روڈ حادثات کی نظر ہونے سے بچائیں گے اور دوسرا قانونی کارروائی سے بھی بچیں گے۔
تازہ ترین