• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اداکارنیرج وورہ تقریباً ایک سال کوما میں رہنے کے بعد چل بسے ۔54سالہ بھارتی اداکار 2016ء میں دل کا درہ پڑنے اور برین اسٹروک کے بعد کوما میں چلے گئے تھے۔

فلم ساز اشوک پنڈت نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ رائٹر، ڈائریکٹر، اداکار اور پروڈیوسر نیرج وورہ کے کئی اعضاءنے کام کرنا چھوڑدیا تھا اور وہ پچھلے چار روز سے وینٹی لیٹر پر تھے۔

نیرج کی اہلیہ چند سال پہلے ہی انتقال کرچکی تھیں جبکہ اُن کی کوئی اولاد نہیں ہے۔

پروڈیوسر فیروز نادیا والا گزشتہ ایک سال سے ان کی دیکھ بھال کررہے تھے، اُن کا کہنا ہے کہ نیرج کی طبیعت میں کافی بہتری آگئی تھی لیکن جمعہ کے روز حالت اچانک بگڑ گئی جس پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

نیرج نے گجراتی ڈراموں میں بحیثیت رائٹر اپنے کیریئر کا آغاز کیا،بطور اداکار ان کی پہلی فلم ’’کیتن مہتاز ہولی‘‘ تھی جس میں عامر خان، اشوتوش گواریکر، اوم پوری، شری رام لاگو،دپتی ناول اور نصیرالدین شامل تھے۔

انہوں نے شاہ رخ خان کے ٹی وی شو ’سرکس‘ میں بھی اداکاری کی۔

انہوں نے عامر کی مشہور فلم ’’رنگیلا ‘‘ میں اداکاری کے ساتھ ساتھ ڈائیلاگ بھی لکھےجبکہ ’’چاچی 420‘‘ اور ’’پھر ہیرا پھیری‘‘کی ہدایات بھی دیں۔

نیرج نے’’ داؤد، ویل کم بیک، کمپنی، پکار، رنگیلا، ستیہ، بادشاہ ‘‘اور’’ من‘‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

انہوں نے ’’ہیرا پھیری، رنگیلا، اکیلے ہم اکیلے تم ‘‘اور ’’چوری چوری چپکے چپکے‘‘ کا اسکرین پلے بھی تحریر کیا۔

 

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، اداکار اکشے کماراور پاریش راول سمیت اہم شخصیات نے نیرج ورہ کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تازہ ترین