• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوں کی عدم ادائیگی پر جامعہ کراچی کی بجلی کٹ گئی

K Electric Cut The Electricity Of University Of Karachi Lack Of Paid Bill

بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی پر کے الیکٹرک نے جامعہ کراچی کی بجلی کاٹ دی، بدانتظامی، کیمپس میں ملازمین کے گھروں اور کینٹین میں میٹر نہ لگائے جانے کے باعث جامعہ کراچی کے ذمہ بجلی کے کروڑوں روپے کے بل واجب الادا ہیں۔

موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل کے دور میں رواں سال یہ دوسری مرتبہ بجلی منقطع کی گئی ہے، ڈاکٹر اجمل اپنی اہلیہ ڈاکٹر بلقیس کے ہمراہ چین کے دورے پر ہیں اور یہ ان کا اہلیہ کے ہمراہ رواں سال تیسرا دورہ چین ہے۔

جامعہ کراچی کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر اقبال اظہر نے جنگ کو بتایا کہ ساڑھے7 کروڑ روپے کے بقایا جات ادا نہ کرنے پر بجلی منقطع کی گئی ہے،تاہم کے الیکٹرک کے حکام سے بات چیت جاری ہے، جلد بجلی بحال ہوجائے گی۔

کے الیکٹرک کےترجمان کے مطابق جامعہ کراچی کے 8 کنکشنز میں سے 1کنکشن کی بجلی عدم ادائیگی کے باعث منقطع کی ہے۔ منقطع کئے گئے کنکشن پر 1کروڑ روپے سے زائد کے واجبات ہیں جبکہ جامعہ کراچی کے 8 کنکشنوں پر 9کروڑ روپے سے زائد رقم واجب الادا ہے۔

متعدد بار نوٹسز بھیجنے کے باوجود ادائیگیاں نہ ہونے کے برابر ہیں، ادارے کی جانب سے جامعہ کراچی کی انتظامیہ سے اپیل کی جاتی ہے کہ طلباء اور تعلیم کے بہتر مفاد میں ادائیگیوں کو یقینی بنایا جائے۔

تازہ ترین