• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ نے عمران کی قیادت کو شفاف قرار دیدیا ،پرویز خٹک

The Supreme Court Declared Imrans Leadership Transparent Parvez Khattak

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے نے پی ٹی آئی چیئرمین کی ایمانداری اور شفاف قیادت پر مہر ثبت کردی ہے۔

نوشہرہ جہانگیرہ نڑئی میں جلسے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں پرویز خٹک نے کہا کہ عمران خان کے خلاف سپریم کورٹ میں جعلی کیس لے جانے والے مخالفین کو منہ کی کھانی پڑی ۔

ان کا مزید کہناتھا کہ جہانگیرترین کے فیصلے پر کوئی ٹیکنکل غلطی ہوئی ہوگی، جس کے خلاف وہ ضرور نظر ثانی کی اپیل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حدیبہ پیپرز ملز کے فیصلے پر ہمارے تحفظات ہے، افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ نیب نے اپنا کیس صحیح طریقے سے پیش نہیں کیااور ایک کرپٹ خاندان کو بچانے کی کوشش کی ۔

پرویز خٹک نے کہا کہ اس وقت حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہر طرف افرا تفری ہے،بد اعتمادی ہے پتہ نہیں چلتا کہ کون کیا فیصلے کررہا ہے،جب ملک میں ایسی صورت حال ہو تو انتخابات جلد ہونے چاہیے،اگر ایسا نہ ہوا تو کسی بڑے نقصان کا خدشہ ہوسکتا ہے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی توڑنے کے حوالے سے پرویز خٹک نے کہا کہ عمران خان جو بھی فیصلہ کرے گا، ہم تیار ہیں، چاہے وہ اسمبلیاں توڑنا ہی کیوں نہ ہو، میں ہر قسم کی چیز کے لیے تیار ہوں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں عمران خان اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے، چاروں صو بوں کے عوام نے یہ فیصلہ دیدیا ہے، اب اس ملک سے چوروں اور لٹیروں کی چھٹی ہوگئی ہے۔

تازہ ترین