نیوکاسل (پ ر) کشمیر ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر پرویز چوہدری نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بہادر بچوں اور اساتذہ کی لازوال قربانیوں کے باعث پاکستان کو امن نصیب ہوا، آرمی پبلک سکول کے بچوں نے محفوظ اور پرامن پاکستان کے لئے اپنے لہو سے جو تاریخ لکھی ہے اس سے تارکین وطنوں اور پوری پاکستانی قوم کو فخر ہے۔ پاک فوج نے شہادتیں دے کر پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کی ہے۔ 16دسمبر کا دن آرمی پبلک سکول پاک فوج کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد ہمیشہ تازہ کرتا رہے گا۔ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے، انہوں نے کہا کہ بچوں کی عظیم قربانیوں سے علم کے دیئے گل کرنے کی خواہش رکھنے والوں کو عبرتناک شکست ہوئی۔ انکی قربانیوں کے طفیل دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری پاکستانی قوم کا مثالی اتحاد و اتفاق سامنے آیا قوم کو نیا حوصلہ اور عزم دیا اور ان شہداء کی عظیم قربانیوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نئی روح پھونکی تارکین وطن کشمیری اے پی ایس کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہمیں اپنے ننھے جاں نثاروں کی یاد ہمیشہ آتی رہے گی۔