اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )پاکستان مسلم لیگ کےصدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین کو ٹیلیفون کیا اور ان کی سیاسی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں اتار چڑھائو آتے رہتے ہیں لہٰذا ان کو دل برداشتہ نہیں ہونا چاہئے اور ساتھ ہی ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت جس پیچیدہ اور نازک صورتحال سے گزر رہا ہے سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں پر بڑی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اجتماعی سیاسی تدبر اور بصیرت کو بروئے کار لا کر ہی حالات میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔