قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ میاں صاحب تحریک انصاف کے مقابلے میں تحریک عدل پارٹی تو نہیں بنا رہے؟
پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو میں خورشید شاہ نے کہا کہ میاں صاحب کو ہمیشہ کہا کہ اداروں کو بدنام نہ کریں۔
ان کا مزید کہناتھاکہ اگر اداروں کی جنگ شروع ہوگئی تو بڑا نقصان ہوگا، معاملات بیٹھ کرحل کرنے کی ضرورت ہے، خواہش ہے کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں۔
خورشید شاہ نے کہا کہ پارلیمنٹ ایک بہت بڑا ادارہ ہے، تمام ادارے اس سے مدد لیتے ہیں، معاملات کو بیٹھ کر حل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانا بہت ضروری ہے، پیپلز پارٹی کی خواہش ہے کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ آرمی چیف کا پارلیمنٹ آنا اور سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ دینا معمول کی بات ہے، اس سے پہلے راحیل شریف بھی بریفنگ دے چکے ہیں۔