اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تعلیم ترقی کے لئے کنجی کی حیثیت رکھتی ہے، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے منگل کے روز وزیراعظم آفس میں مختلف اسکولوں اورانسٹی ٹیوٹس سے تعلق رکھنے والے خصوصی بچوں سے ملاقات کی۔ وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی، قومی اسمبلی کی رکن مس شذہ فاطمہ اور قومی اسمبلی کی رکن مس رومینہ خورشید عالم بھی ملاقات میں موجود تھے، ایشیائی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ خصوصی بچے وزیراعظم سے ملاقات کر کے بہت خوش ہوئے۔ ایک بچے نے نعت رسول سنائی، خصوصی افراد میں نعت خوانی کو سب نے سراہا کئی بچوں نے وزیراعظم کو اپنے مستقبل کے پلان سے بھی آگاہ کیا وزیراعظم نے خصوصی بچوں کی تعلیم میں گہری دلچسپی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں شرکت کو سراہا۔ انسانی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کے لئے تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو بھی عمر ہو علم حاصل کرنے کی کوشش جاری رہنی چاہئے بچوں کو کابینہ روم میں بٹھا کر حکومت کی ورکنگ کے بارے میں بتایا گیا۔ بچوں نے جسمانی معذوری کا شکار اور خصوصی تعلیم کے فروغ کے لئے وفاقی حکومت کو کئی تجاویز دیں ۔وزیراعظم نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت ان ایشوز کا جائزہ لے گی اور ترجیحی بنیادوں پر انہیں حل کیا جائے گا۔اے پی پی کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان مضبوط تعلقات کار کا اظہار کیا ہے جبکہ اے ڈی بی نے گیس، ڈھانچہ جاتی اصلاحات سمیت مختلف شعبہ جات میں پاکستان کو تکنیکی اور مالیاتی معاونت کی پیشکش کی ہے۔اس بات کا اظہاروزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر چیاؤ ہانگ یانگ کے درمیان منگل کو وزیراعظم آفس میں ملاقات کے دوران کیا گیا۔ چیاؤ ہانگ یانگ نے وافر بجلی پیدا کرکے توانائی کی قلت پر قابو پانے کے حوالے سے پاکستان کی پیشرفت کو سراہا، انہوں نے مضبوط اقتصادی نمو کو بھی نوٹ کیا جو آئندہ مالی سال کے دوران 5.8 فیصد متوقع ہے جس سے محصولات کی وصولی میں اضافہ ہوا جبکہ موجودہ حکومت کی طرف سے ڈھانچہ جاتی اصلاحات بھی متعارف کروائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے شعبہ میں نمایاں بہتری سے نہ صرف گھریلو صارفین کو سہولت ملی بلکہ بڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ میں بھی ترقی ہوئی انہوں نے کہا کہ ملک کی کریڈٹ ریٹنگ میں بھی حالیہ برسوں میں نمایاں بہتری آئی ہے اور سرمایہ کار پاکستان میں موجود سرمایہ کاری مواقع سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔بین الاقوامی مالیاتی منڈی میں پاکستان کی واپسی ملکی معیشت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا واضح اظہار ہے۔انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ اے ڈی بی باہمی طور پر متفقہ تمام شعبہ جات میں مالیاتی اور تیکنیکی مہارت کی فراہمی جاری رکھے گا ۔اس کے علاوہ توانائی کے شعبہ میں اے ڈی بی کی مسلسل وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے چیاؤ ہانگ یانگ نے گیس کے شعبے اورپاکستان ریلویز وپاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز سمیت سرکاری ملکیت اداروں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات متعارف کروانے کے لئے مالیاتی اور تکنیکی معاونت کی بھی پیشکش کی۔