احسن اقبال نے کہا ہےکہ تحریک انصاف جب سے سیاست میں آئی ہے انصاف کی منزل دور ہوگئی ،ایسے فیصلے آرہے ہیں جن پر تنازعات کھڑے ہورہے ہیںاور نواز شریف کا بیان سپریم کورٹ کے خلاف نہیں ہے۔
نواز شریف کا احتجاج ان فیصلوں کیخلاف ہے جو قوم اور آئینی ماہرین کی نظر میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کررہا اور ان فیصلوں سے کسی سیاسی ایجنڈے پر عمل درآمد کی بو آرہی ہے ۔
یہ بات وفاقی وزیر داخلہ نے حویلیاں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی اور کہا کہ آرمی چیف کا سینٹ سے خطاب اور سوال جواب اچھا شگون ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سیاسی اور اداروں کی بنیاد پر سول ملٹری تعلقات میں ہم آہنگی ضروری ہے، کوشش کررہے ہیں عسکری، سیاسی اور سول قیادت مل کرامن و استحکام کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئینی ماہرین کے مطابق فیصلے میں ترازو مختلف ہے، متنازع فیصلوں سے بچنا چاہیے،سیاسی تنازعات جنم لیتے ہیںجبکہ مخالفین سڑکیں بنانے کا طعنہ دیتے ہیںکیونکہ انہیں ترقی کا تجربہ نہیں ہے۔
اس سے قبل حویلیاںمیں این ایچ اے حکام نے ہزارہ حویلیاں موٹر وے پروجیکٹ کے حوالے سےاحسن اقبال کو بریفنگ دی تھی۔