ایبٹ آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سول و عسکری تعلقات میں ہم آہنگی ملک کی ترقی کیلئے آکسیجن ہے، پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتیں احتجاج اور دھرنوں کی سیاست کو فروغ نہ دیں، دھرنوں سے ملک کمزور ہوتا ہے ہمیں دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنی معیشت مضبوط کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف انصاف کا مضبوط نظام چاہتے ہیں جبکہ عمران خان چند فیصلوں کی بات کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حویلیاں میں ہزارہ موٹر وے سے متعلق این ایچ اے کی بریفنگ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف اداروں کو شفاف بنانے کی بات کر رہے ہیں اور وہ انصاف کا ایسا مضبوط شفاف نظام بنانا چاہتے ہیں جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے جبکہ عمران خان چند فیصلوں کو دفاع کرنے کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف وفاقی حکومت کے خلاف کسی بھی چھوٹے سے چھوٹے ایشو پر پیٹرول کا ڈرم لے کر چل پڑتی ہے، اس قسم کی منفی سیاست ملک کیلئے بھی اچھی نہیں اور خود پی ٹی آئی کیلئے بھی اچھی نہیں ہے اس سے منفی پیغام کسی بھی جماعت کو جائے گا۔