اسلام آباد (نمائندہ جنگ) قومی اسمبلی کے سپیکر سردارایازصادق نے گزشتہ روز پھر وقفہ سوالات کے دوران وزارت برائے ریاستیں وسرحدی امو رکے سوال کاجواب نہ آنے پرسخت نا راضگی کااظہارکیا اوروفاقی وزیرسیفران لیفٹنٹ جنرل (ر ) عبد القادر بلوچ سے کہا کہ سوال کاجواب کیوں نہیں آیا۔سپیکر نے کہا کہ آپ کی وزارت کے ایک سوال کا جواب نہیں آیاکیامیں بھی احتجاج کروں اورواک آئوٹ کروں۔آپ کے سیکر ٹری اسمبلی بزنس کو سنجیدہ نہیں لے رہے،کیا آپ ان کے خلاف ایکشن لیں گے یامیں لوں۔عبد القادر بلوچ نے بتا یاکہ جواب تاخیر سے ملا ہے اسلئے اسمبلی سیکر ٹیر یٹ میں جمع نہیں کرایاجاسکا۔میں اسے جواز نہیں بنارہالیکن مسئلہ یہ ہے کہ ہم نے فا ٹاسیکر ٹیر یٹ سے جواب لیناہو تا ہے اور وہ دیر سے جواب دیتے ہیں۔