• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاڑکانہ، بے نظیر بھٹو کی دسویں برسی کل عقیدت و احترام سے منائی جائیگی

Todays Print

لاڑکانہ ( بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی دسویں برسی کل عقیدت و احترام سے منائی جائیگی، جس کیلئے گڑھی خدا بخش میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ بدھ کی صبح قران خوانی اور چادریں چڑھانے کے بعد دو بجے دوپہر مرکزی جلسے کا آغاز مشاعرے سے ہوگا جو بعد ازاں جلسے میں تبدیل ہوجائیگا جس سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو اور دیگر اہم شخصیات خطاب کریں گی۔آج (منگل) کی شام نوڈیرو ہائوس میں پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات سے متعلق امور پر غور کیا جائیگا۔ ادھر دوسری جانب ضلع بھر میں استقبالیہ کیمپ اور بینرز لگانے کا کام بھی جاری ہے جبکہ گڑھی خدا بخش بھٹو کے مرکزی پنڈال میں بھی کیمپ لگائے جا رہے ہیں جس میں ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے وفود قیام کریں گے۔ برسی کے موقع پر عام لنگر بھی تقسیم کرنے کے انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ نوڈیرو سے گڑھی خدا بخش تک شٹل سروس بھی چلانے کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔برسی کے موقع پر سیکورٹی کے لئے سات ہزار سے زیادہ پولیس اور رینجرز کے علاوہ سادہ لباس اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے جبکہ ٹریفک کے نظام کو مربوط بنانے کیلئے ایک ہزار ٹریفک پولیس اہلکار بھی تعینات کی جائے گا۔گڑھی خدا بخش بھٹو اور اطراف کے علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کردیئے گئے ہیں۔

تازہ ترین