ڈہرکی(نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نےکہا ہے کہ کرپٹ حکمرانوں نے ملک کو لوٹ کر کنگال کر دیا ہے۔ عوام صحت،صاف پانی،تعلیم اور روزگار جیسی بنیادی سہولتوں تک سے محروم ہیں۔ لوگ اسپتالوں میں سہولتیں اور جگہ نہ ہونے پر سڑکوں پر سسک سسک کر مر رہے ہیں۔ الیکشن میں عوام اپنے ووٹ کی طاقت کو بے لوث اور بلا تفریق خدمت کرنے والے لوگوں کے حق میں استعمال کرکے ان لٹیرے حکمرانوں سے اپنی اور ملک کی جان ہمیشہ کے لئے چھڑانا ہو گی نہیں بصورت دیگر انکی تقدیر کبھی نہیں بدلے گی اورتاریخ ہم کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈہرکی میں الخدمت فاؤنڈیشن ضلع گھوٹکی کی جانب سے عوام کے لئے قائم کئے گئے الخدمت میڈیکل کمپلیکس سینٹر میں جاری ایک توسیعی تعمیری پروگرام کے تحت الخدمت میڈیکل کمپلیکس سینٹر میں 1.5کروڑ کی لاگت سے زیرتعمیر جدیدآپریشن تھیٹر ،جنرل وارڈ اورجدید زچہ بچہ کیئرسینٹر کے پروجیکٹ کی تکمیل کے سلسلے میں ایک فنڈ ریزنگ ڈونر کانفرنس بنام ایک شام، انسانیت کے نام کے پر عزم موٹو کے تحت منعقد کردہ تقریب سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام کے مہمان خصوصی مشہور کالم نگارا ور تجزیہ کار اوریا مقبول جان نے بھی شرکائے تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ کانفرنس میں الخدمت فاؤنڈیشن کے اہم ذمہ داران اور ضلع گھوٹکی اور ڈہرکی کے صنعتی اداروں کے ذمہ داران اوردیگر کاروباری شخصیات،سیاسی اور سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور دل کھول کر عطیات دیئے جس کی کل مالیت تقریباً 40 لاکھ روپے کے لگ بھگ ہے۔کانفرنس کے شرکاء سے عامر سلمان الخدمت فاؤنڈیشن صوبہ سندھ کے شعبہ ریسورسسز موبلائزیشن کے ڈائریکٹر اور پروفیسر محمد ذیشان انقلابی چیف کو آرڈینیٹر الخدمت فاؤنڈیشن ضلع گھوٹکی اورپروفیسر تشکیل احمد صدیقی امیر جماعت اسلامی ضلع گھوٹکی سمیت دیگر الخدمت پاکستان کے مرکزی اور صوبائی ذمہ داران نے بھی خطاب کیا۔