سابق وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کی دسویں برسی کے سلسلے میں گڑھی خدا بخش میں مرکزی تقریب کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ کارکنان اور رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری جلسے سے خطاب کریں گے۔
گڑھی خدا بخش میں محترمہ شہید بے نظیر بھٹو کی دسویں برسی کی تقریب میں شرکت کیلئے مختلف شہروں سے کارکنان پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔
آج بی بی کی برسی کے سلسلے میں مرکزی تقریب کا باضابطہ محفل مشاعرہ سے ہوگا۔ شام یہ مشاعرہ تعزیتی جلسے میں تبدیل ہوجائے گا۔
برسی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں، 7ہزار سے زائد پولیس اور رینجرز اہلکار فرائض انجام دیں گے۔
ٹریفک کو رواں رکھنے کیلئے بھی عملہ تعینات ہوگا، گڑھی خدا بخش میں 60 سے زیادہ سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔
برسی کی تقریب شرکت کیلیے آنے والے تمام افراد کو واک تھرو گیٹ پر جامع تلاشی کے بعد مرکزی پنڈال تک جانے کی اجازت دی جائے گی۔
واضح رہے کہ بے نظیر بھٹو 27 دسمبر 2007ء کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں بم دھماکے میں جاں بحق ہوگئی تھیں۔