کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو قتل کرنے والوں نے درحقیقت پوری قوم کو قتل کرنے کی سازش کی تھی لیکن راولپنڈی میں انکے قتل کے بعد صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرا لگا کر ملک کو بچا لیا۔ سابق وزیراعظم کےیوم شہادت کے موقعے پر جاری کردہ اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے انھیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے گڑھی خدابخش میں ایک بہت بڑے اجتماع کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جس میں دس لاکھ مرد، خواتین اور بچے شریک ہونگے اور انتھک و کٹھن جدوجہد کے بعد منتخب ہونے والی دنیا کی اس پہلی مسلمان خاتون وزیراعظم کو خراج عقیدت پیش کریں گے، جنہیں نہ فقط خود بلکہ ان کے ہزاروں کارکنان کو بھی قربانیوں کے سمندر سے گذرنا پڑا۔