گلگت بلتستان میں وفاقی حکومت کے ٹیکسوں کے خلاف گڑھی باغ کےمقام پرعلامتی دھرنا جاری ہے۔انجمن تاجران نے اعلان کیا ہے کہ ٹیکس ایکٹ کےخاتمےتک تمام اضلاع میں علامتی احتجاج جاری رہے گا۔
بلتستان ڈویژن کے چار اضلاع میں انجمن تاجران کی جانب سے دوپہر دو بجے کے بعد سےعلامتی طور پر دکانیں بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ معاملے پر ایکشن کمیٹی سے ہونے والے معاہدے پر عمل درآمد کیا جائے گا ۔
مظاہرین کا موقف ہے کہ وفاقی حکومت اگر گلگت بلتستان کے علاقے سے وفاقی ٹیکس لینا چاہتی ہے تو وہ اسے علاقے کو آئین کے تحت وفاق میں شامل بھی کرے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ قانون ساز اسمبلی نے پیپلز پارٹی کے دور میں ہی ان ٹیکسوں کی منظوری دی تھی اور اب پیپلز پارٹی ہی اس پر سیاست کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس معاملے پر ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے اور اس پر عمل بھی کریں گے۔
دوسری طرف مرکزی انجمن تاجروں کے ترجمان مسعود الرحمان نے کہا ہے کہ ٹیکسز ایکٹ کے خاتمے کا نوٹیفکیشن جاری ہونے تک گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں علامتی احتجاج جاری رہےگا۔