کراچی (اسٹاف ر پو رٹر) پاک سر زمین پارٹی چترال کے نمائند ہ وفد کی پی ایس پی کے مرکزی دفتر پاکستان ہاؤس میں سیکریٹری جنرل رضاہارون سے ملاقات کی اور چترال کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا،اس مو قع پر پاک سر زمین پارٹی کے سیکرٹری جنرل رضاہارون نے الیکشن ریفارمزایکٹ کے تحت خیبر پختونخوا کے دور افتادہ،پسماندہ اوررقبہ کے لحاظ سے صوبے کے سب سے بڑے ضلع چترال سے صوبائی اسمبلی کی ایک نشست ختم کرنے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہوئے چترال کےعوام کے حقوق سلب کرنے کے مترادف قرار دیا ہے اور حکومت اور الیکشن کمیشن سے چترال کے بارے میں اپنے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کی ہے،انہوں نے کہاکہ چترال جیسے پسماندہ اور دورافتادہ ضلع کے ساتھ یہ سلوک قابل قبول نہیں ہے کیونکہ چترال رقبے کے اعتبار سے صوبے کا سب سے بڑا اور پاکستان کا تیسرے نمبر پر بڑا ضلع ہے محل و قوع اور جعفرائی لحاظ سے بھی چترال کئی طورپر انتہائی حساس اور اہمیت کا حامل ہے،حال ہی میں صوبائی حکومت ضلع چترال کو دو اضلاع میں منقسم کرنے کا فیصلہ کر چکی ہے مگر یہ حیران کن بات ہو گی کہ دو اضلاع کے لئے ایک نشست رکھی جائے لہذا الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت سے پر زور اپیل کر تے ہیں کہ چترال کی پسماندگی،حساسیت اور رقبہ کو مدنظر رکھتے ہوئے اس ضلع کیلئے نشستوں میں اضافہ کیا جائے۔