• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بزدل مشرف واپس آئو، بہانہ کرکے ملک سے باہر جا بیٹھا ہے، نوا زشریف

Todays Print

لاہور(نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں)سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے پرویز مشرف کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدل انسان بہانہ بنا کر باہر بیٹھا ہے، اگر بہادر ہے تو پاکستان آکر اپنے کیسز کا سامنا کرے، وقت آ گیا ہے کہ آئین توڑنے والوں کو بھی سزا دلوائی جائے، آمر کیخلاف مقدمات پر عدلیہ کو جگانا ہوگا، پرویز مشرف نے آئین اور قانون بھی توڑا،بہادر ہے تو پاکستان آ کر مقدمات کا سامنا کرے،میں نے بھی عدالتوں کا سامنا کیا ہے،آئندہ بھی کرتا رہوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نماز جمعہ کے بعد کارکنوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔دریں اثناء ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف آج دوپہر سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہونگے، جہاں شہباز شریف اور سعد رفیق پہلے ہی موجود ہیں اپنے دورے میں نوازشریف کی وہاں اہم شخصیات سے ملاقاتیں متوقع ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق وزیراعظم کی 2؍جنوری کو واپسی متوقع ہے، ذرائع کے مطابق سعودی عرب سے نواز شریف واپسی اسلام آباد احتساب عدالت میں پیش ہونگے۔ کارکنوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ کہا کہ آئین توڑنے والوں کو بھی سزا دلوائی جائے ۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے آئین اور قانون بھی توڑاان کو بہت جلد کٹہرے میں لائیں گے۔ بزدل انسان بہانہ بنا کر باہر بیٹھا ہے اگر بہادر ہے تو پاکستان آ کر اپنے مقدمات کا سامنا کرے ۔ میں نے عدالتوں کا سامنا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا،کارکن عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کریں، جاتی امراء میں نماز جمعہ کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے سابق وزیراعظم کو اپنے حصار میں لے لیا اور ان کی حمایت میں شدید نعرے بازی کی اس موقع پر انہوں نے ملک کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی۔دوسری طرف سابق وزیراعظم نوازشریف آج دوپہر سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ شہبازشریف ،وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق پہلے ہی سعودی عرب میں موجود تھے ۔ذرائع کے مطابق نوازشریف اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے اور 2 جنوری 2018ء کو واپس آئیں گے ۔سعودی عرب کے اہم دورے کے پیش نظر نوازشریف کا 31دسمبر کا کوٹ مومن کا جلسہ ملتوی کردیا ہےجو اب آئندہ اتوار کو ہوگا۔ذرائع کے مطابق سعودی عرب سے واپسی پر نوازشریف اسلام آباد میں احتساب عدالت میں پیش ہونگے۔

تازہ ترین