لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ قومی دولت لوٹنے والے غلاف کعبہ میں بھی جا چھپےتو انہیں پکڑ لائیں گے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ کم از کم مشرف ، زرداری اور نوازشریف کے دور حکومت کا مکمل آڈٹ کیا جائے ۔ نئے این آر او کو کوئی قبول نہیں کرے گا اور عوام کی طرف سے ایسی کسی بھی سازش کی سخت مزاحمت کی جائے گی ۔ ناروے کے دارالخلافہ اوسلو کے اسلامک کلچرل سینٹر میں اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے سرا ج الحق نے کہاکہ تمام مسائل کی جڑ کرپشن ہے ، جب تک کرپشن کے ناسور کو جڑ سے نہیں کاٹ دیا جاتا، ملک میں ایک کے بعد ایک بحران سر اٹھاتا رہے گا ۔ دہشتگردی ، بدامنی ، جہالت اورغربت نے کرپشن کی کوکھ سے جنم لیا۔ حالات کا تقاضا ہے کہ تمام جماعتیں کرپشن کے خاتمہ کے یک نکاتی ایجنڈا پرآئندہ الیکشن لڑیں ۔کرپشن فری پاکستان تحریک نے عوام میں شعور بیدار کیاہے ۔