اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار) سبکدوش وزیراعظم اور حکمران پاکستان مسلم لیگ نون کے سربراہ نواز شریف کل (ہفتہ) سرگودھا کے نواح میں کوٹ مومن کی تاریخی جلسہ گاہ میں اپنی رابطہ عوام کے اولین عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے جس میں ان کی صاحبزادی اور پارٹی کی مرکزی قائد محترمہ مریم نواز بھی شرکت کرینگی۔ اس امر کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا کہ وہ اس جلسہ عام سے خطاب کرینگی یا نہیں۔ جنگ /دی نیوز کے خصوصی سنٹرل رپورٹنگ سیل کو پتہ چلا ہے کہ نواز شریف، پاکستان کو انتشار میں مبتلا کرنے کی ایک بڑی سازش اور اس میں استعمال ہونےو الے افراد کے بارے میں اہم انکشافات کرینگے معلوم ہوا ہے کہ وہ ملک میں قیام عدل اور عام شہریوں کی ر ائے کے احترام کو یقینی بنانے کے سلسلےمیں اپنی تحریک کے خدوخال بھی بیان کرینگے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس جلسے کے سلسلےمیں پورے علاقےمیں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ 1990ء میں نواز شریف نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کوٹ مومن کی اسی جلسہ گاہ سے کیا تھا جہاں کل ان کا جلسہ منعقد ہورہاہے۔ اسی حلقہ انتخاب سے قومی اسمبلی کے امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑا تھا اور وہ کامیاب رہے تھے اور وزیراعظم بنے تھے۔